پنجاب میں سموگ کے باعث بیماریوں میں اضافہ، 19 لاکھ مریض رپورٹ

پنجاب میں سموگ کے باعث بیماریوں میں اضافہ، 19 لاکھ مریض رپورٹ

ویب ڈیسک:پنجاب میں سموگ کے پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریوں کے کیسز میں بھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

 لاہور میں سموگ کے اثرات نے شہریوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں، جس کے نتیجے میں ناک اور گلے کی بیماریوں میں اضافہ ہوا ہے۔ سموگ کی وجہ سے ایک ماہ کے دوران 1 لاکھ 29 ہزار افراد لاہور میں متاثر ہوئے ہیں، اور مختلف قسم کی بیماریوں کے کیسز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق، سموگ سے آنکھوں کی بیماریوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ لاہور میں سموگ کی وجہ سے او پی ڈی (آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ) میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے اور بیماریوں کی مجموعی شرح 5.41 فیصد سے بڑھ کر 5.74 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ خاص طور پر ناک اور گلے کی انفیکشن کے کیسز میں 4.99 فیصد سے بڑھ کر 5.30 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

لاہور میں فالج کے مریضوں کی تعداد بھی 0.09 فیصد سے بڑھ کر 0.11 فیصد تک پہنچی ہے۔ اس کے علاوہ، سموگ کے اثرات سے دیگر بیماریوں جیسے سانس کی مشکلات اور دل کی بیماریوں کے کیسز بھی بڑھ رہے ہیں۔ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہننے اور سموگ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔