خشک موسم کے باعث بچوں میں موسمی بیماریوں میں تشویشناک اضافہ ہونے لگا ہے۔ شاہدرہ سوشل سکیورٹی ہسپتال کے او پی ڈی اور ایمرجنسی میں روزانہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس میں بڑی تعداد کھانسی، نزلہ، زکام اور گلے کی بیماریوں میں مبتلا بچوں کی ہے۔
ہسپتال کے ایم ایس مظہر اعوان نے بتایا کہ خشک موسم حاملہ خواتین اور بچوں میں سانس کی بیماریاں اور الرجی جیسی موذی بیماریوں کا باعث بن رہا ہے۔ خاص طور پر وہ بچے جو کمزور مدافعتی نظام رکھتے ہیں، زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔طبی ماہرین نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ بچوں کو گرم اور مرطوب ماحول فراہم کریں، پانی کا زیادہ استعمال کرائیں اور ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق موسمی اثرات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ایم ایس مظہر اعوان نے کہا کہ والدین اور اساتذہ کو چاہیے کہ بچوں کی صحت پر خصوصی توجہ دیں تاکہ خشک موسم میں موسمی بیماریوں کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔