واشنگٹن(آئی این پی)نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب آج پیر کو ہوگی جس میں دنیا بھر سے اہم شخصیات شرکت کریں گی ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں شدید سرد موسم کے باعث ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب ان ڈور ہو گی، ٹرمپ کیپیٹل ہل کے سامنے اوپن ایئر کے بجائے بلڈنگ کے اندر روٹنڈا ہال میں اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔ دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ تقریب میں ایلون مسک کی نشست دیگر امیر ترین افراد بشمول ایمیزون کے مالک جیف بیزوس اور میٹا کے چیف ایگزیکٹیو مارک زگر برگ کے ساتھ ہو گی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں صدراتی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے غیر ملکی رہنماوں کو دعوت دینے کی روایت نہیں، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد عالمی رہنمائوں کو مدعو کیا ہے۔بلومبرگ نے رپورٹ کیا کہ ارجنٹائن کے صدر ہاویئر ملے کی بھی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کو بھی تقریبِ میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے، تاہم وہ شرکت کے لیے اپنے ایک ایلچی کو بھیجیں گے۔اٹلی کی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی کو بھی دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔ سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن اور خاتونِ اول جل بائیڈن بھی پیر کو ہونے والی تقریب میں شریک ہوں گے۔سابق صدور براک اوباما، جارج بش اور بل کلنٹن بھی ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوں گے،جارج بش کے ساتھ ان کی اہلیہ لارا بش اور بل کلنٹن اپنی اہلیہ ہیلری کلنٹن کے ساتھ تقریب میں موجود ہوں گے۔