معیشت بہتری کی جانب گامزن ،نیسلے کی کامیابی اس اہم کردار کی نشاندہی کرتی ہے ،وفاقی وزیر
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر صنعت و پیداواررانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ، بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، نجی شعبے کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیسلے پاکستان کے تحت منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے حالیہ دنوں میں ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوئی ، حکومت نجی شعبے کو تمام سہولیات فراہم کرے گی۔رانا تنویر حسین نے نیسلے پاکستان کی شاندار برآمدی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کمپنی کی کامیابی کو ملک کے نجی شعبے کی لچک کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیسلے نے کامیابی سے 26ممالک کو اپنی برآمدات میں اضافہ کیا ہے جس سے ملک کے فارن ریزروز میں نمایاں اضافہ اور معیشت کی بحالی کے حکومتی منصو بوں میں معاونت ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیسلے کی کامیابی اس اہم کردار کی نشاندہی کرتی ہے جو کاروبار کسی ملک کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں ادا کرتے ہیں،انہوں نے کمپنی کو معیار اور بہترین کارکردگی کے لیے اپنی وابستگی کو جاری رکھنے کی ترغیب دی۔