ن لیگ کی23نشستیں‘آزاد کشمیر میں حکومت پکی وزیراعظم کی نواز شریف اور جیتنے والوں کو مبارکباد
دوسرے مرحلے میں ن لیگ نے14‘ پیپلز پارٹی نے5نشستیں جیتیں‘مہاجرین کی 12 نشستوں میں سے ن لیگ نے پنجاب کی تمام 10 نشستوں پر کامیابی حاصل کی‘10 اگست کو پونچھ ڈویژن کی 11 نشستوں پر الیکشن ہوگا
انتخابات میں کامیابی آزاد کشمیر کے عوام کا مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ہے‘ آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود مسلم لیگ ن کی اولین تر جیح ہے:شہبازشریف
نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں‘ کسانوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے مالی وسائل تک رسائی یقینی بنائی جائے:وزیراعظم کی اجلاس میں گفتگو
مظفرآباد‘اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن )آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی الیکشن کا دوسرا مرحلہ بھی مسلم لیگ (ن)کے نام رہا، 20 میں سے 19 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج مطابق مہاجرین کی 12 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کی تمام 10 نشستوں پر کامیابی سمیٹی۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کے 8 حلقوں اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔حلقہ ایل اے 27 میں خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث انتخابی عملہ اور پولنگ سامان بروقت نہ پہنچ سکا، جس کے باعث حلقے کے تمام 196 پولنگ سٹیشنوں پر انتخابات ملتوی کر دیئے گئے‘ دو مراحل سمیت مہاجرین نشستوں کے نتائج کے بعد 23 نشستوں کے ساتھ اسمبلی کی سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 9 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا اور فیصلہ کن مرحلہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن کی 11 نشستوں پر ہوگا، جس کے بعد اسمبلی کی مکمل صورتحال واضح ہو جائے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ(ن)کی برتری پر پارٹی قائد محمد نواز شریف اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، کامیابی کا یہ تسلسل قائد مسلم لیگ نمحمد نواز شریف اور پارٹی کی پوری ٹیم کی محنت کا ثمر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے آزادکشمیر میں انتہائی موثر اور کامیاب انتخابی مہم چلائی، جبکہ انتخابی نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ آزاد کشمیر کے عوام کو مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود مسلم لیگ ن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی‘علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی سے متعلق اجلاس ہوا‘اجلاس میں وزیراعظم نے کہا ملک کی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے اورہدایت کی ہے کہ ملک میں پبلک ایکویٹی مارکیٹ اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے فروغ کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرکے جلد پیش کیا جائے۔وزیراعظم نے ملک میں سرمایہ کاری اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ملک میں پبلک ایکویٹی مارکیٹ اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے فروغ کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرکے جلد پیش کیا جائے، تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے لئے فنڈز دستیاب ہوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے راہ ہموار ہو۔ملک کی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے، پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ معیشت میں سرمایہ کاری، کاروباری وسعت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک مؤثر محرک کا کردار ادا کر سکتے ہیں