معیشت کی ترقی کیلئے صنعت کا فروغ اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر اصلاحات تیز کی جائیں:شہباز شریف

صنعتی پیداوار بڑھانے کے  ساتھ برآمدات میں اضافے کیلئے مؤثر اور نتیجہ خیز پالیسی اقدامات کو ترجیح دی جائے‘اصلاحات کا محور طویل المدتی معاشی فوائد اور عوامی فلاح ہونا چاہیے
 مستقبل کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے متبادل اور قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع سے استفادہ کرنے کی جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام جاری ہے:اجلاس میں خطاب
اسلام آباد(   آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف  کی زیر صدارت سرمایہ کاری میں اضافے، صنعتی ترقی اور معیشت کی مجموعی بہتری کے لیے شعبہ جاتی اصلاحات اور پالیسی اقدامات پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف وزارتوں اور اداروں کی جانب سے زیر غور پالیسی تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے صنعت و حرفت کا فروغ اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی  صنعتی پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافے کے لیے مؤثر اور نتیجہ خیز پالیسی اقدامات کو ترجیح دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صنعت، تجارت اور معیشت کے مختلف شعبوں میں کی جانے والی اصلاحات کا محور طویل المدتی معاشی فوائد اور عوامی فلاح ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کی پالیسیوں کا مقصد معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متبادل اور قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع سے استفادہ کرنے کی جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام جاری ہے۔ وزیراعظم کے مطابق توانائی کی بچت اور سستی ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے مؤثر الیکٹرک وہیکلز پالیسی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔شہباز شریف نے تمام وزارتوں کو ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کو مختلف شعبوں میں متعارف کرانے کے لیے ماہرین اور متعلقہ اداروں کے ساتھ بامعنی مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ترقیاتی پالیسیوں کی تشکیل اور نفاذ میں تمام وزارتیں باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ تمام اصلاحاتی اقدامات میں انتظامی شفافیت، مؤثر نگرانی اور بہترین کارکردگی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔