لاہور ( کرائم رپوٹر) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے زیرِ اہتمام روڈ سیفٹی کے فروغ اور موٹر سائیکل حادثات کی روک تھام کے لیے خصوصی آگاہی مہم کے تحت ہیلمٹ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکٹر کمانڈر این فائیو سینٹرل ٹو ایس پی محمد کاشف رحیم بھٹہ تھے، جبکہ ڈی ایس پی بیٹ 20 بہاولپور ملک احسان الحق، ایڈمن آفیسر بیٹ 20 ملک محمد اسحاق، ڈیوٹی آفیسر قمر سعید سمیت دیگر افسران اور معززین نے شرکت کی۔تقریب کے دوران لکی اسنیکس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر عزیر چوہدری نے فیکٹری ملازمین اور شہریوں میں ہیلمٹ تقسیم کیے۔ اس موقع پر افسران نے ہیلمٹ اور سائیڈ ویو مررز کے استعمال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان احتیاطی تدابیر سے ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ایس پی محمد کاشف رحیم بھٹہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بغیر ہیلمٹ، بغیر لائسنس اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت گرینڈ آپریشن جاری ہے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عزیر چوہدری نے کہا کہ انسانی جان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہیلمٹ کا استعمال قیمتی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ لکی اسنیکس گروپ مستقبل میں بھی سماجی ذمہ داری کے تحت ایسے اقدامات جاری رکھے گا۔تقریب کے اختتام پر شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی جان کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔