ریٹائرڈ افسران محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ، ہمیشہ پولیس فیملی کا حصہ رہیں گے، سی سی پی او لاہور

لاہور (کرائم رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں ریٹائرڈ پولیس افسران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرڈ افسران کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے افسران کو دورانِ ملازمت فرائض باوقار انداز میں مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔تقریب میں ریٹائرڈ ڈی ایس پیز محمد سرور، مرزا عظیم اللہ، محمد ظفر خورشید، عامر صادق، بلال احمد خان، زاہد حسین، محمد جاوید، مقصود علی، محمد سرور اعوان، سب انسپکٹر عارف حسین اور کانسٹیبل طارق نے شرکت کی۔سی سی پی او لاہور نے ریٹائرڈ پولیس ملازمین کی پنشن، گریجویٹی اور جی پی فنڈ سمیت تمام واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس فرض شناس اور قابل افسران کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ افسران محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور وہ ہمیشہ پولیس فیملی کا حصہ رہیں گے۔بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس تجربہ کار ریٹائرڈ افسران کی پیشہ ورانہ مہارت سے آئندہ بھی استفادہ کرتا رہے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے دفتر کے دروازے ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ریٹائرڈ افسران نے عزت افزائی پر سی سی پی او لاہور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس نے انہیں عزت و وقار سے نوازاہے اورمحکمہ پولیس ہی ان کی اصل پہچان ہے۔ تقریب کے اختتام پر سی سی پی او لاہور نے ریٹائرڈ افسران میں یادگاری شیلڈز اور گلدستے تقسیم کیے۔ڈی آئی جی (ایڈمن) عمران کشور اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔