صورتحال کشیدہ ہے، بھارت کے آبی ذخائر کو نشانہ بنانا ایک آپشن ہو سکتا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

صورتحال کشیدہ ہے، بھارت کے آبی ذخائر کو نشانہ بنانا ایک آپشن ہو سکتا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ صورتحال کشیدہ ہے اور بھارتی آبی ذخائر کو نشانہ بنانا بھی ایک آپشن ہو سکتا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ صورتحال تاحال سنجیدہ اور پریشان کن ہے اور اس کی شدت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ مزید آگے بڑھ سکتی ہے۔ نیلم جہلم پر حملہ کیا ہے، جب ایسی صورتحال ہوگی تو جواب تو دینا ہوگا۔ اگر اس حکمت عملی پر اتفاق ہوا تو بھارتی آبی ذخائر کو جوابی نشانہ بنانا بھی ایک آپشن ہو سکتا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پارلیمنٹ کے ذریعے ایوان اور عوام کو اعتماد میں لیں گے۔ پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعے پر تحقیقات کی پیش کش اب بھی موجود ہے۔ موجودہ جنگی صورت حال میں تجارتی بات نہیں ہو سکتی، تمام ذرائع فی الحال بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر کسی طرح کا عالمی دباؤ نہیں ہے، بھارت نے پہل کی ہے تو ہم نے اس کا جواب دیا ہے، دوبارہ جارحیت کی گئی تو دوبارہ جواب دیا جائے گا۔

خواجہ آصف نے بھارت کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں بھارت کی نمائندگی کرتا شخص ہاتھ میں پستول لیے ایک گھر میں داخل ہوتا ہے اور اپنے حریف (پاکستان) کو بتاتا ہے کہ میں لمبے عرصے سے تمہیں ڈھونڈ رہا تھا اور آخر کار مجھے تم مل ہی گئے۔ اسی اثناء میں باتھ ٹب میں لیٹا شخص (پاکستان) بلاخوف و فکر سامنے کھڑے شخص (بھارت) پر گولی چلا دیتا ہے اور کہتا ہے کہ 'جب گولی مارنی ہو تو مار دو، بات نہ کرو۔'اس ویڈیو کو خواجہ آصف نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیا ہے، جس پر انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔وزیر دفاع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔