سیالکوٹ میں سیلاب کی اصل وجہ تجاوزات ہیں، بھارتی آبی جارحیت نہیں: وزیر دفاع خواجہ آصف

سیالکوٹ میں سیلاب کی اصل وجہ تجاوزات ہیں، بھارتی آبی جارحیت نہیں: وزیر دفاع خواجہ آصف

سیالکوٹ میں حالیہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اس تباہی کی بڑی وجہ مقامی تجاوزات ہیں، نہ کہ بھارتی آبی جارحیت۔

بھارتی اطلاع اور سیلاب کا پس منظر:
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے پروٹوکول کے مطابق دو مرتبہ پیشگی اطلاع دی تھی کہ دریاؤں میں پانی چھوڑا جا رہا ہے۔

 بھارت ہمیشہ وارننگ دیتا ہے، کبھی وقت سے پہلے اور کبھی عین سیلاب کے وقت۔انہوں نے واضح کیا کہ اس بار بھارت نے ڈیم سے پانی ریلیز کرنے کے بعد بھی اطلاع دی، جیسا کہ پاکستان بھی ڈیموں سے پانی چھوڑنے کے وقت کرتا ہے تاکہ آبادی محفوظ رہے۔ان کے مطابق بھارت کی کسی شرارت کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔
سیلاب کی اصل وجہ:
وزیر دفاع نے کہا کہ جموں سے بہنے والے تمام نالے سیالکوٹ کے علاقوں سے گزرتے ہیں اور تاریخی طور پر یہاں سیلاب آتا رہا ہے۔اصل مسئلہ یہ ہے کہ ان نالوں کے راستوں پر ناجائز قبضے کر کے مکانات اور فیکٹریاں تعمیر کر لی گئی ہیں۔موجودہ سیلاب میں 40 سے 50 ایسے گھر ڈوبے ہیں جو انہی نالوں کے راستوں پر تعمیر کیے گئے تھے۔
موسمی صورتحال:
انہوں نے بتایا کہ 50 سال بعد شہری آبادی میں اتنی شدید بارش ہوئی ہے جبکہ پنجاب میں 38 سال بعد بیک وقت تین دریاؤں میں سیلاب آیا ہے۔
تجاوزات کا مسئلہ اور اقدامات:
خواجہ آصف نے کہا کہ دریاؤں اور نالوں کے کناروں پر تجاوزات نے تباہی کو بڑھا دیا ہے، سیالکوٹ کے وسط سے گزرنے والے نالے کے دونوں طرف فیکٹریاں قائم ہیں۔اگر چاہیں تو 3 دن میں تجاوزات ختم کی جا سکتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے شہری آبادی میں سروے شروع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری زمینوں پر پیشہ ور قبضہ مافیا نے غیرقانونی تعمیرات کر رکھی ہیں، بارشوں کے بعد ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
اداروں کی کارکردگی اور بلدیاتی نظام:
وزیر دفاع کے مطابق فوج اور حکومت کے تمام ادارے مل کر سیلاب کا مقابلہ کر رہے ہیں۔تاہم بلدیاتی نظام کی عدم موجودگی کے باعث بہت سے مسائل حل نہیں ہو پاتے۔