پنجاب میں ہنگامی حالت نافذ تعلیمی اداروں میں چھٹی

پاکستان کی فضائی حدود بند ملازمین کی چھٹیاں منسوخ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کو حاضر رہنے کی ہدایت 
شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں معصوموں کا خون ہم پر قرض : ویزاعلیٰ پنجاب مریم نواز 
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)انڈیا کی جانب سے پاکستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کارروائیوں کے بعد پاکستان نے تمام پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کو بند کر دیا۔ پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ’پاکستان کی فضائی حدود 48 گھنٹے تک بند رہے گی۔ تمام ایئرپورٹ آئندہ اطلاع تک بند رہیں گے۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق تمام ایئرپورٹس پر پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔پنجاب کے تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔آج تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے ،اسلام آباد کے تمام ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ۔ادھربھارت کی طرف سے بزدلانہ حملے کے بعد وزیر اعلٰی مریم نواز شریف نے پورے پنجاب میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔پنجاب پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ پنجاب کے تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔تمام سٹاف کو فوری طور پر ڈیوٹیاں سنبھالنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پنجاب بھر کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ شہری دفاع سمیت دیگر تمام اداروں کے افسروں اور عملہ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔وزیراعلی ٰنے بھارتی بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کرے گی، مئی میں دشمن نے حملہ کیا، 28 مئی 1998 کی طرح منہ توڑ جواب دیں گے، پاکستان کا بچہ بچہ اس امتحان میں سرخرو ہوگا اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے فتحیاب ہوگا۔پنجاب بھر کے تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کوبھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ،شہری دفاع سمیت دیگر تمام اداروں کے افسروں اور عملہ بھی طلب کر لیا گیا۔علاوہ ازیں اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارے ایمان اور میرے حلف کا حصہ ہے۔ پنجاب کی سر زمین غازیوں اور شہداء کی امین ہے اور اس سر زمین پر رات بہنے والا معصوموں کا خون ہم پر قرض ہے۔ پوری قوم پاکستان پر مسلط کی گئی اس جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انتظامیہ کو فوری ایمر جنسی رسپانس کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ کامیابی ان شا اللہ ہمارا مقدر ہو گی۔ شہری غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں ، ان کا کہنا تھا کہ امن چاہتے ہیں مگر عزت کیساتھ ،پنجاب پولیس سمیت تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔