پیر ودھائی سے ملحقہ صفدرآباد، گلی لوہاراں، فوجی کالونی میں گھر پانی سے بھر گئے، اعوان کالونی میں گاڑیاں ڈوب گئیں، راولپنڈی کا ماڈل راجہ بازار بھی ڈوب گیا
نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد سے تجاوز کرگئی‘دیر لوئر میں موسلا دھار بارش، ندی نالوں میں طغیانی‘گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کیلئے سیلاب کا الرٹ جاری
اسلام آباد(آئی این پی )جڑواں شہروںراولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے آج تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش رات 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوئی جو صبح 8 بجے تھمی، شدید بارش کے باعث سڑکیں اور علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے اور کئی مقامات پر گھٹنوں گھٹنوں تک پانی جمع ہوگیا۔پیر ودھائی سے ملحقہ صفدرآباد، گلی لوہاراں، فوجی کالونی میں گھر پانی سے بھر گئے، یونین کونسل 4 اور 5 کے علاقے بھی ڈوب گئے، اعوان کالونی میں گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں، راولپنڈی کا ماڈل راجہ بازار بھی ڈوب گیا۔بارشوں کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 27 فٹ کو چھو گئی، گوالمنڈی کے مقام پر پانی کا بہائو 21 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث قریبی آبادی کے رہائشیوں کو انخلا کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔بارش کے باعث ایکسپریس وے پر بدترین ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں‘ خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے جار میں برساتی نالے میں شدید طغیانی کے باعث پانی سڑکوں پر آگیا۔ دیر لوئر میں رات گئے سے جاری بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔ این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے لیے جھیلوں کے پھٹنے کے باعث ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔ این ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق جاری مون سون بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث تیزی سے پگھلتے گلیشئرز کے پیش نظر گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا۔ غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، سکردو، گانچھے، خرمنگ اور وادی نیلم کے علاقے حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، بونیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی اچانک سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے