رحیم یار خان کے گڈو انٹرچینج کے قریب موٹروے ایم-5 پر پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں مسافر بس اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 10 شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کو نیند آجانے کے باعث پیش آیا۔ مسافر بس کراچی سے راولپنڈی جا رہی تھی۔ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو شیخ زید ہسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔یہ حادثہ موٹر وے پر پیش آنے والے متعدد حادثات میں سے ایک ہے، جو تیز رفتاری، غفلت اور سڑکوں کی حالت کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ ماضی میں بھی رحیم یار خان میں اس نوعیت کے حادثات پیش آ چکے ہیں، جن میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور ڈرائیونگ کے دوران نیند سے بچیں تاکہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔