رحیم یار خان کے علاقے صادق آباد کے تھانہ احمد پور لمہ کی حدود، موضع بوہی واڑ میں رات گئے مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سردار عالمگیر خان کوش سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق، یاسین کوش کے گھر مہمان آئے ہوئے تھے کہ مسلح افراد نے فائرنگ کرکے سردار عالمگیر خان کوش کو ہلاک کیا۔ اس واقعے میں سردار عالمگیر خان کا گارڈ معشوق علی اور میزبان یاسین کوش کا بیٹا ناظم بھی مارا گیا۔مقتول سردار عالمگیر خان کوش کا تعلق کشمور کے علاقے گھیلوپور کے گاؤں میر صاحب کوش سے تھا۔ یہ واقعہ رات تقریباً دو بجے پیش آیا۔جاں بحق تینوں افراد کی لاشیں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔سردار عالمگیر خان کوش کا کردار سرنڈر پالیسی کے حوالے سے رہا ہے، اور وہ اس سلسلے میں نمایاں شخصیت تھے۔پولیس نے فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب عبدالکریم سے رپورٹ طلب کر لی ہے، اور آرپی او بہاولپور سے بھی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، سینئر افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، اور شواہد جمع کیے جا چکے ہیں۔ڈی پی او رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔پولیس کے مطابق، یہ واقعہ بستی شیر بہادر دینوں شاہ میں ڈیرے پر سوئے ہوئے سردار عالمگیر، معشوق حسین اور ناظم کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گئے ہیں۔