سندھ کے شہر خیرپور کے قریب ٹنڈومستی قومی شاہراہ پر تیز رفتار مسافر کوچ اور ٹرالر کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں خواتین، بچوں اور مردوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، جبکہ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار مسافر کوچ بے قابو ہو کر سامنے جانے والے ٹرالر سے جا ٹکرائی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ کوچ کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ڈپٹی کمشنر خیرپور الطاف احمد چاچڑ کی خصوصی ہدایت پر ڈی سی آفس کی ریسکیو ٹیم نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو گاڑیوں سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں تمام زخمیوں کو مختلف قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور اور کلینر گاڑی میں پھنس گئے تھے، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں کافی دیر تک جاری رہیں۔ بھاری مشینری کی مدد سے دونوں افراد کو گاڑی سے باہر نکالا گیا۔
حادثے کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بھی کچھ دیر کے لیے شدید متاثر رہی، تاہم ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے کارروائی مکمل ہونے کے بعد شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ تشویشناک زخمیوں کو خصوصی طبی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ تیز رفتاری اور ڈرائیور سے گاڑی پر قابو نہ رہنا بتایا جا رہا ہے۔