آزاد کشمیر کے علاقے نکیال میں بھارتی فوج کی گولہ باری سے شہید ہونے والے بہن بھائی کی نمازِ جنازہ آج مرکزی جامع مسجد میں ادا کی گئی۔
اس موقع پر مقامی شہریوں نے بھارت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کالج گراؤنڈ سے پڑاوہ چوک تک ریلی نکالی۔بھارتی فوج نے رات کے وقت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں میزائل حملے کیے، جس میں کئی معصوم پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہو گئے تھے۔ تاہم، پاکستان کی فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے، جن میں جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ، متعدد بھارتی ڈرون اور کواڈ کاپٹر بھی پاکستان کے فضائی حدود میں تباہ کیے گئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی پوسٹوں پر حملہ کیا گیا اور بھارتی فوج کے انفنٹری بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور ایک بٹالین ہیڈکوارٹر سمیت کئی پوسٹیں تباہ کر دی گئیں۔ بھارتی فوج نے بھاری نقصان کے بعد جورا سیکٹر میں سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کر لی ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے کا جواب دیا جائے گا۔ ان کے مطابق، احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 13 شہری شہید ہوئے۔ اسی طرح، مریدکے میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 3 افراد شہید اور ایک زخمی ہوا۔ مظفرآباد پر حملے کے نتیجے میں 3 شہری شہید ہوئے۔پاکستانی حکام نے بھارت کے اس جارحانہ اقدام کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بھارت کو اس کی غلط فہمی کا جواب دیا جائے گا۔