غزہ: خان یونس میں اسرائیلی ٹینکوں کی گولہ باری، امداد کے منتظر 45 فلسطینی شہید

غزہ: خان یونس میں اسرائیلی ٹینکوں کی گولہ باری، امداد کے منتظر 45 فلسطینی شہید

غزہ: اسرائیلی جارحیت کا ایک اور ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں امدادی سامان کے منتظر نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے ٹینکوں سے گولہ باری کر دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 45 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شہری امدادی ٹرکوں کا انتظار کر رہے تھے کہ اچانک اسرائیلی ٹینکوں کی گولہ باری شروع ہو گئی۔ امدادی کارکنوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شہادتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔غزہ کی مقامی وزارت صحت کے مطابق ناصر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور بڑی تعداد میں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

تاحال اسرائیلی فوج کی جانب سے اس شہریوں پر حملے کے حوالے سے کوئی ردعمل یا وضاحت سامنے نہیں آئی۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری کی جانب سے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار متوقع ہے۔یہ واقعہ غزہ میں جاری انسانی بحران کو مزید سنگین بنا رہا ہے، جہاں پہلے ہی خوراک، ادویات اور بنیادی سہولیات کی شدید قلت ہے۔