سعودی عرب، کویت ، اردن میں شدید گرد و غبار کا طوفان، سیلابی صورتحال کاخدشہ

گرد وغبار کی طوفانی دیواریں 2ہزارمیٹر کی بلندی تک پہنچ سکتی ہیں، سعودی عرب نے الرٹ جاری کردیا
    ریاض(آئی این پی )سعودی عرب، کویت اور اردن شدید گرد و غبار کے طوفان کی لپیٹ میں آگئے، حد نگاہ صفر ہوگئی، سفری نظام مفلوج، سیلابی صورتحال کا خدشہ پیداہوگیا ۔ غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق ریاض ،کویت ،عمان، خلیجی ممالک سعودی عرب، کویت اور اردن شدید گرد و غبار کے طوفان کی زد میں آگئے جس کے نتیجے میں حد نگاہ صفر ہوگئی ،سفری نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور بعض علاقوں میں بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ سعودی عرب کے وسطی علاقے صوبہ القصیم میں شہریوں نے غیر معمولی منظر کا مشاہدہ کیا، جسے ماہرین نے گرد و غبار کی دیوار قرار دیا ہے۔ یہ دیوار جیسے ہی علاقے سے گزری، آسمان نارنجی رنگ میں بدل گیا اور حدِ نگاہ صفر ہوگئی جس کی وجہ سے ٹریفک اور پروازوں کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ماہر موسمیات عبداللہ المسند کے مطابق گرد وغبار کی طوفانی دیواریں 2,000میٹر  کی بلندی تک پہنچ سکتی ہیں اور ان کی رفتار 100کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔