امریکا چھوڑنے والے غیرقانونی تارکین وطن کو رقم و ٹکٹ فراہم کریں گے:صدر ٹرمپ

چاہتے ہیں جرائم پیشہ افراد ملک چھوڑ کر چلے جائیں تاکہ امریکا میں قانون و انصاف کو بہتر بنایا جا سکے
 حماس نے غزہ کے عوام کیساتھ برا سلوک کیا ،غزہ میں امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں
 واشنگٹن(آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا غیر قانونی تارکین وطن کو ملک چھوڑنے کے لیے رقم اور ٹکٹ فراہم کرے گا۔ ٹرمپ نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان افراد کو جو رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہیں، ایک ہزار ڈالر کی مالی امداد دیں گے۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کا مقصد ملک کو غیر قانونی تارکین وطن سے محفوظ بنانا ہے، چاہتے ہیں کہ ڈرگ مافیا اور دیگر جرائم پیشہ افراد ملک چھوڑ کر چلے جائیں تاکہ امریکا میں قانون و انصاف کو بہتر بنایا جا سکے۔ غزہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ حماس نے غزہ کے عوام کے ساتھ برا سلوک کیا ہے اور امریکہ غزہ میں لوگوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے تاکہ وہاں کے لوگ شدید مشکلات سے بچ سکیں۔