حادثہ کوموروس کے دو جزیروں کے درمیان پیش آیا،مقامی مچھیروں نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری کارروائی کرتے ہوئے 5افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا
نیروبی (آئی این پی) افریقا کے سمندر میں سمگلروں کی ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد غیرقانونی تارکین وطن تھے۔اس حوالے سے اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے آئی او ایم کے مطابق کشتی الٹنے کا تین ماہ میں یہ تیسرا واقعہ ہے۔ حادثہ کوموروس کے دو جزیروں کے درمیان گذشتہ رات پیش آیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وہاں موجود مقامی مچھیروں نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری کارروائی کرتے ہوئے 5افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا۔آئی او ایم کوموروس نے ایک بیان میں کہا کہ آئی او ایم کوموروس کو یہ بات جان کر دکھ ہوا کہ سمگلرز کی جانب سے جان بوجھ کر کشتی کو ڈبویا گیا۔کشتی الٹنے کے باعث کم از کم 25 افراد ہلاک ہوگئے جس میں تقریبا 30 افراد سوار تھے ان افراد کا تعلق مختلف قومیتوں سے تھا جن میں سات خواتین اور چار بچے بھی شامل تھے۔