بھارت: سابقہ بیوی کو تحفہ دینے کے لیے نوجوان نے دوست کو قتل کر کے رقم لوٹ لی

بھارت: سابقہ بیوی کو تحفہ دینے کے لیے نوجوان نے دوست کو قتل کر کے رقم لوٹ لی

بھارتی ریاست کرناٹکا میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنے قریبی دوست کو قتل کر کے اس سے ڈھائی لاکھ روپے لوٹ لیے اور بعد ازاں اسی رقم سے اپنی سابقہ بیوی کے لیے تحفہ بھی خرید لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقتول پیشے کے اعتبار سے ویلڈر تھا۔ رپورٹ کے مطابق 19 فروری کو ملزم نے اپنے دوست کو فنانس کمپنی کی جانب سے ہونے والی سونے کی نیلامی میں شرکت کا بہانہ بنا کر گھر سے بلایا۔ مقتول تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار روپے نقد لے کر صبح 11 بجے گھر سے نکلا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اسے موٹر سائیکل پر جنگل کے قریب لے گیا جہاں اس نے مبینہ طور پر تیز دھار ہتھیار سے دوست کو قتل کر دیا اور رقم لے کر فرار ہو گیا۔اگلی صبح ایک دودھ فروش نے جنگل کے راستے سے گزرتے ہوئے لاش دیکھی اور پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی گئی۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے مقتول کی شناخت اور اس کی آخری سرگرمیوں کا سراغ لگا کر ملزم تک رسائی حاصل کر لی۔ پولیس کے مطابق قتل کے بعد ملزم اپنی سابقہ اہلیہ سے ملا، اسے 60 ہزار روپے نقد دیے اور لوٹی گئی رقم سے اس کے لیے نیا ٹی وی بھی خریدا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم اور مقتول گزشتہ سات سال سے ایک دوسرے کے دوست تھے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔