500 روپے کے تنازع پر دوست نے دوست کو قتل کر دیا

500 روپے کے تنازع پر دوست نے دوست کو قتل کر دیا

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں صرف 500 روپے کے تنازع پر ایک دوست نے دوسرے دوست کی جان لے لی، جس سے علاقے میں افسوس اور حیرت کی لہر دوڑ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ فتح پور بیری کے علاقے میں پیش آیا جہاں شراب کے نشے میں دو دوستوں کے درمیان معمولی رقم کے تنازع پر جھگڑا شروع ہوا جو شدت اختیار کر گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر اپنے دوست کا گلا دبا کر اسے قتل کر دیا اور بعد ازاں لاش کے پاس بیٹھا رہا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ اروند اور ملزم کی شناخت 25 سالہ منوج کمار کے طور پر ہوئی ہے۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے مقتول کو 500 روپے کسی کام کے لیے دیے تھے، تاہم کام مکمل نہ ہونے اور رقم کی واپسی نہ ہونے پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا جو قتل پر منتج ہوا۔پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔