پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے: وزیرِ خزانہ

پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے: وزیرِ خزانہ

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی سمت گامزن ہے اور اس وقت ملک میں میکرو اکنامک استحکام موجود ہے۔

اسلام آباد میں ای یو پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال میں جی ڈی پی گروتھ 4 فیصد تک رہنے کی توقع ہے، جبکہ مارچ میں کرنٹ اکاؤنٹ ایک ارب ڈالر سے زائد سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔وزیرِ خزانہ کے مطابق مارچ میں ترسیلاتِ زر 3.8 ارب ڈالر رہیں، جبکہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے 260 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری موصول ہوئی، جو بیرونی سرمایہ کاری کا اہم ذریعہ بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپریل میں پاکستان نے بھاری بیرونی ادائیگیاں کیں اور 75 کروڑ ڈالر کا یورو بانڈ جاری کیا گیا، جبکہ مئی کے وسط میں 25 کروڑ ڈالر کا پانڈا بانڈ جاری کرنے کا منصوبہ بھی موجود ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق توقع ہے کہ جون کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے، جو تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں ڈیجیٹل معیشت کا فروغ شامل ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف اس حوالے سے ہر دو ہفتے بعد جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ ٹیرف اصلاحات کے تحت کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹیز میں کمی کی گئی ہے، جبکہ خام مال اور درمیانی اشیاء پر پہلے سال ڈیوٹیز میں کمی سے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ ان کے مطابق توانائی کے شعبے میں اصلاحات جاری ہیں اور گردشی قرضے میں کمی حکومت کی اہم ترجیح ہے۔