آئی سی سی کے سیفٹی اینڈ سکیورٹی منیجر ڈاکٹر ڈیومسکر نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے ایونٹ کو شاندار قرار دیتے ہوئے اس کی سکیورٹی کے انتظامات کی بھرپور تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پولیس، رینجرز اور فوج نے اس ایونٹ کے دوران شاندار سکیورٹی فراہم کی، جس کے باعث چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد کامیاب رہا۔ڈاکٹر ڈیومسکر نے یہ بھی کہا کہ ایونٹ کی تیاریوں کے دوران ٹیموں کو پاکستان آنے پر تحفظات تھے، مگر ٹورنامنٹ کے دوران سکیورٹی کے لحاظ سے مکمل پروفیشنلزم دکھایا گیا، جس کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج ابھر کر سامنے آیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کی کامیابی سے نہ صرف پاکستان کا، بلکہ عوام اور سکیورٹی اداروں کا بھی دنیا بھر میں مثبت تاثر جائے گا۔ ان کے مطابق، پورے ٹورنامنٹ کے دوران سکیورٹی اداروں نے غیر معمولی تعاون کیا، جس سے ٹورنامنٹ کا ماحول محفوظ اور پُر سکون رہا۔ڈاکٹر ڈیومسکر نے اس موقع پر اس بات کو بھی واضح کیا کہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ پاکستان نے اس ایونٹ کے ذریعے دنیا کو اپنے سکیورٹی پروفیشنلزم کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔