پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی سویلین مقامات پر حملے کے بعد سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاکستان پر مسلط کی گئی اس جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بیان انہوں نے آج صبح پونے ایک بجے اس وقت دیا جب بھارتی فوج نے پاکستان کے پانچ مختلف مقامات پر سویلین مساجد کو نشانہ بنایا اور عورتوں اور بچوں کو شہید و زخمی کیا۔ اس بزدلانہ کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مریم نواز نے سوشل میڈیا پر لکھا:"پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارے ایمان اور میرے حلف کا حصہ ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی سرزمین غازیوں اور شہداء کی امین ہے اور آج کی شب جو معصوم خون بہایا گیا ہے، وہ قوم پر قرض ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی بتایا کہ:
انہوں نے انتظامیہ کو فوری ایمرجنسی رسپانس کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
قوم کی دعا اور پاک فوج کی قربانیوں کے ساتھ، کامیابی ان شاءاللہ ہمارا مقدر ہوگی۔
پوسٹ کا اختتام انہوں نے نعرہ تکبیر "اللہ اکبر" اور "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے کیا۔
سوشل میڈیا پر ردعمل:
اس کے فوراً بعد مریم نواز نے اپنی فیس بک پر ایک اور پوسٹ بھی شیئر کی جس میں پاکستان آرمی کے لوگو کے ساتھ ایک پوسٹر موجود تھا، جس پر قرآنی آیت درج تھی:
"نَصْرٌ مِّن اللَّهِ وَفَتْحٌ قَرِيبٌ"(اللہ کی طرف سے مدد اور فتح قریب ہے)
یہ دونوں پوسٹس پاکستانی شہریوں کی جانب سے بڑی تعداد میں شیئر کی جا رہی ہیں اور ان پر جذباتی تبصرے بھی سامنے آ رہے ہیں۔ عوام نے مریم نواز کے جرات مندانہ مؤقف کو سراہا ہے اور پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔