شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں، ان کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے:وزیرِاعظم

شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں، ان کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے:وزیرِاعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر کے ملک دشمن عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور واقعہ میں جاں بحق افراد کے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔

وزیرِ اعظم نے زخمی ہونے والے فرد کو بہترین طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا اور کہا کہ ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں اور ان کی معصوم لوگوں کے خلاف بزدلانہ کارروائیاں ان کی حیوانیت کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کے ملک دشمن عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ شب پسنی کے قریب کلمت کے علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے 6 افراد کو قتل کر دیا تھا۔