اسلام آباد ( آن لائن) سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا کے ذریعے توہین رسالت پر مبنی گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث سزاء یافتہ مجرمان کی جانب سے سزائے موت کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کے دوران فریقین کے دلائل کے بعدفیصلہ محفوظ کرلیاہے عدالت نے فریقین کے وکلاء کو دس دن کے اندر تحریری دلائل جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس شکیل احمد اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل تین رکنی بینچ نے قیصر ایوب اور ملعون آمون ایوب کی جانب سے دائر اپیلوں کی سماعت کی۔۔۔مذکورہ مجرمان کی جانب سے عبدالحمید رانا ایڈووکیٹ جبکہ مدعی مقدمہ محمد سعید کی جانب سے کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ،غلام مصطفیٰ چوہدری ایڈووکیٹ اور ملک طارق محمود ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے مذکورہ فاضل بینچ کے روبرو پیش ہوئے۔مذکورہ مجرمان کے وکیل عبدالحمید رانا ایڈووکیٹ نے مذکورہ مجرمان کی جانب سے دائر اپیل کے حق میں جبکہ مدعی مقدمہ کے وکیل ملک طارق محمود نے مذکورہ مجرمان کی جانب سے دائر اپیل کے خلاف دلائل پیش کئے۔۔ جس پرسپریم کورٹ نے مذکورہ مجرمان کی جانب سے دائر اپیلوں کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔