اسلام آباد‘پشاور نارووال‘وزیرآباد سمیت متعدد شہروں میں بارش

لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم  پھر بند ہوگئی،سیاح پھنس گئے ،پاک چین زمینی رابطہ منقطع
ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ دو روز  کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
لاہور‘لوئر کوہستان(آئی این پی‘آن لائن )پنجاب میں مون سون کے رنگ، لاہور کے مختلف علاقوں میں ہوائیں چلنے اور بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں میں  ملک کے بیشترعلاقوں میں ن آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے ۔اسلام آباد‘پشاور، نارووال اور وزیرآباد میں بھی بارش ہوئی‘لوئر کوہستان میں   پٹن ڈاک کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ قراقرم بند ہوگئی، شدید ٹریفک جام ہونے سے سیاح پھنس کر رہ گئے۔میڈیارپورٹ کے مطابق شاہراہ قراقرم بند ہونے سے پاکستان اور چین کے مابین زمینی رابطہ منقطع ہوگیا،‘محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران تیز ہواں، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں، سیاحوں، مسافروں اور کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں مسلسل بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ آج شام اور رات سے خلیج بنگال سے بھی مرطوب ہواؤں کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے اس کے علاوہ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہوگا جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے