لاہور ،اسلام آباد‘راولپنڈی‘پشاور سمیت مختلف شہروں میں بارش

خیبر پختونخوا میں وقفے وقفے سے بارش‘ پہاڑوں پر برفباری،مختلف علاقو ں میں مزید بارش کاامکان
لاہور،پشاور(آئی این پی ) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی، پشاور شہر اور گردونواح میں بھی بادل برس پڑے۔لاہور کے علاقے کینال روڈ، گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ایم اے او کالج، ساندہ روڈ، چوبرجی، جیل روڈ، فیروزپور روڈ اور دیگر علاقوں میں بادل برسے۔اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں بھی تیز بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، میانوالی، کالاباغ، چشمہ کندیاں اور گردونواح میں بھی بارش ہوئی، کراچی میں آ ئندہ24گھنٹوں میں  بادل برسنے کا امکان ہے۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے ،21 مارچ تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کر دی گئی۔پشاور سمیت صوبے کے بالائی اضلاع میں گزشتہ  ایک ہفتے سے وقفے وقفے سے بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کے سبب صوبے بھر میں جاتی سردی لوٹ آئی۔پشاور شہر و نواح میں  بدھ  صبح سے بارش کا سلسلہ جاری رہا  جس کے باعث خنکی بڑھ گئی۔چترال اپر و لوئر کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری جاری ہے، اپر چترال کے بالائی علاقے برفباری کی لپیٹ میں آگئے۔ دیر بالا، کالام، سوات، شانگلہ اور دیگر اضلاع میں بھی پہاڑوں پر برفباری ہوئی‘این ڈی ایم اے نے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا۔نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر(این ڈی ایم اے)کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔