لاہور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور میں موسم سرما کی پہلی بارش ،ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار،سموگ اور دھند کم ہوگئی۔ ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو بند روڈ، بابو صابو، شیراکوٹ، یتیم خانہ چوک، کینال روڈ، کوٹ لکھپت، ماڈل ٹائون،پیکو روڈ، ٹائون شپ اور فیروز پور روڈ کے اطراف میں ہلکی بارش ہوئی۔ منڈی بہائولدین ، وزیرآباد اورگجرات کے گردونواح میں بھی چند مقامات پر تیزہوائوں وگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے جبکہ گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا ،اسلام آباد ، خطہ پوٹھو ہار اورکشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، حافظ آباد، جھنگ، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، سا ہیوال، خانیوال، رحیم یار خان اور گردونواح میں سموگ جبکہ سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔