12 سالہ بچہ داتا دربار کے علاقے سے بحفاظت بازیاب

 لاہور (کرائم رپورٹر)قلعہ گجر سنگھ پولیس نے مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر لاپتہ ہونے والے 12 سالہ بچے کو داتا دربار کے علاقے سے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔پولیس کے مطابق 12 سالہ رحمان ایبٹ روڈ کے علاقے میں واقع ایک گھر میں ملازمت کرتا تھا، جو سامان لینے کے لیے نکلا اور لاپتہ ہو گیا۔ بچے کی گمشدگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی شروع کر دی۔ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی کے مطابق بچے کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں، اعلانات اور وائرلیس کالز کی مدد حاصل کی گئی۔ چند گھنٹوں کی مسلسل کاوشوں کے بعد ایس ایچ او قلعہ گجر سنگھ رانا قادر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بچے کو داتا دربار کے قریب سے بحفاظت تلاش کر لیا۔12 سالہ رحمان کے والدین نے بچے کی بحفاظت بازیابی پر پولیس کا شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں۔ اس موقع پر ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا کہ جرائم کے کنٹرول کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔