لاہور(کرائم رپورٹر)ڈولفن اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خانیوال سے لاپتا ہونے والے 13 سالہ بچے ابو ہریرہ کو لاہور سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔ترجمان ڈولفن کے مطابق دورانِ پٹرولنگ ڈولفن ٹیم نے داروغہ والا کے علاقے سے ایک لاوارث بچے کو اپنی تحویل میں لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ 13 سالہ ابو ہریرہ 30 جون کو خانیوال میں واقع اپنے گھر سے نکلا تھا اور لاہور پہنچ گیا تھا۔ترجمان ڈولفن کے مطابق بچے کے ورثا کی تلاش کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے۔ تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا کہ بچے کی گمشدگی کا مقدمہ تھانہ عبدالحکیم، خانیوال میں پہلے ہی درج کیا جا چکا تھاڈولفن ٹیم نے بچے کو اس کے والدین کی لاہور آمد تک مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ باغبانپورہ کے حوالے کر دیاایس پی ڈولفن بلال احمد نے کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر ڈولفن ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ گمشدہ یا لاوارث بچوں کے حوالے سے فوری طور پر 15 پر کال کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔