7 سالہ بچہ چند گھنٹوں میں بحفاظت بازیاب

لاہور (کرائم رپورٹر) بادامی باغ پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اغواء کے مقدمہ میں مطلوب 7 سالہ بچے کو چند گھنٹوں میں بحفاظت تلاش کر لیا پولیس کے مطابق 7 سالہ فیضان گھر سے  نکلا اور راستہ بھٹک گیا، جس پر ورثاء نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کے بعد تھانہ بادامی باغ میں اغواء کا مقدمہ درج کروایا۔ مقدمہ درج ہونے پر ایس پی سٹی بلال احمد کی ہدایت پر ڈی ایس پی بابر  انصاری کی قیادت میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ایس ایچ او تھانہ بادامی باغ احسن اقبال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے فوری سرچ آپریشن شروع کیا۔ بچے کی تلاش کے لیے سیف سٹی کیمروں، مساجد میں اعلانات اور ہیومین ریسورس سے بھرپور مدد حاصل کی گئی، جس کے نتیجے میں چند ہی گھنٹوں میں بچے کو بحفاظت تلاش کر لیا گیالختِ جگر کے بحفاظت ملنے پر ورثاء نے بادامی باغ پولیس کا شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے 24 گھنٹوں کے اندر بچے کی بازیابی پر ایس ایچ او بادامی باغ احسن اقبال اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ایس پی سٹی بلال احمد کا کہنا تھا کہ عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔