وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں اب کوئی سیاسی تعیناتی نہیں ہوتی اور سفارش و اقرباپروری کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء اور فیکلٹی ممبران سے ملاقات میں انہوں نے بتایا کہ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ کیا جا رہا ہے اور ای ٹینڈرنگ کے ذریعے شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ حکمران کے فیصلے عوام کی زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں، جبکہ پنجاب میں امن و امان بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے آپریشن "بنیان مرصوص" کی کامیابی پر عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ سیلاب کے دوران سب سے بڑا انخلاء آپریشن کیا گیا، متاثرین کی نشاندہی کے لیے تھرمل امیجنگ ڈرونز استعمال کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی زراعت کو جدید میکانائزیشن کی طرف لایا جا رہا ہے، کینسر کے مریضوں کے لیے کوابلیشن مشین نصب کی گئی ہے اور سموگ سے بچاؤ کے لیے 15 سموگ گنز درآمد کی گئی ہیں۔ وفد میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج اور سول افسران کے علاوہ 26 ممالک کے 47 شرکاء شامل تھے جنہوں نے پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کو "حیران کن" قرار دیا۔