انصاف قوموں کی تقدیر سنوارنے کی روشنی ہے، مریم نواز

انصاف قوموں کی تقدیر سنوارنے کی روشنی ہے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یومِ انصاف کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انصاف کی اہمیت اور معاشرتی استحکام میں اس کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف ہی وہ روشنی ہے جو قوموں کی تقدیر بدل دیتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ جہاں انصاف کا چراغ بجھ جائے، وہاں ظلم کی تاریکی پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انصاف ایک ایسا سورج ہے جس کی روشنی کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ ناانصافی صرف ایک فرد کو متاثر نہیں کرتی بلکہ یہ پورے معاشرے کی بنیادیں ہلا دیتی ہے۔ ایسی صورتحال میں بداعتمادی، نفرت، فتنہ اور انتشار کو جنم ملتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت انصاف اور مساوات کو اپنی پالیسیوں کا بنیادی ستون سمجھتی ہے، اسی مقصد کے تحت حکومت نے سی سی ڈی (Citizen Complaint Desk) اور پیرا (Public Equal Rights Authority) جیسے ادارے قائم کیے ہیں تاکہ ناانصافی کا خاتمہ کیا جا سکے اور ہر شہری کو اس کا جائز حق بلا امتیاز فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب انصاف کے قیام کو اپنی اولین ترجیح اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اگر معاشرے میں انصاف نہ ہو تو ترقی، تعلیم، صحت اور خوشحالی صرف ایک خواب رہ جاتے ہیں۔"وزیراعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ معاشرتی انصاف کے قیام کے لیے حکومت کا ساتھ دیں، کیونکہ انصاف ہی وہ طاقت ہے جو پنجاب کے ہر شہری کی زندگی کو روشنی بخش سکتی ہے۔