وزیراعلیٰ مریم نواز کی ارکان اسمبلی سے تفصیلی ملاقات؛ صوبے بھر میں 80 ترقیاتی منصوبوں کا آغاز

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ارکان اسمبلی سے تفصیلی ملاقات؛ صوبے بھر میں 80 ترقیاتی منصوبوں کا آغاز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جامع خاکہ پیش کرتے ہوئے ارکان اسمبلی سے ان کی نشستوں پر ملاقات کی اور ان سے عوامی مسائل اور ترقیاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔

 ارکان اسمبلی نے بیک وقت 80 سے زائد منصوبے شروع کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے ہر منصوبے پر تین گھنٹے طویل بریفنگ دی اور پنجاب کے پہلے جامع بیوٹیفکیشن پلان کے بارے میں آگاہ کیا، جس کے تحت ہر ضلع کے بازاروں میں لٹکتے بجلی کے تاروں کو زیر زمین کیا جائے گا، ریڑھی بازار قائم کیے جائیں گے، کینالز کو سجایا جائے گا، فوڈ اسٹریٹس بنائی جائیں گی، اور بازاروں کی ری ماڈلنگ کی جائے گی۔مزید برآں، وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کا اعلان کیا، جس کے تحت 60 شہروں میں ترقیاتی منصوبے اسی سال مکمل کیے جائیں گے، 800 دیہات کو ماڈل ویلج بنایا جائے گا، 400 کلومیٹر چھوٹی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و توسیع کی جائے گی، اور اگلے سال سے سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے لیے 250 ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں، 1100 الیکٹرک بسیں پنجاب کے تمام اضلاع کو دی جائیں گی، سال کے آخر تک ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مکمل کیا جائے گا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو بس سروس جلد شروع کی جائے گی، لاہور کینال روڈ پر اے آر ٹی ٹرانسپورٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، نادار اور ضرورت مندوں کے لیے راشن کارڈ لانچ کیے جائیں گے، بڑے شہروں میں واسا قائم کیا جائے گا، اور سینٹر آف ایکسیلنس کڈز کیمپس بنائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کیے گئے وعدے پورے کریں گی، تجاوزات کے خاتمے سے بازار کھلے اور عوام خوش ہیں، پنجاب کے دور دراز علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، شہروں کے بعد پہلی مرتبہ گاؤں کو بھی صفائی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے، اور کوئی ضلع یا تحصیل بیوٹیفکیشن پلان سے محروم نہیں رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کیا جائے گا، شرپسند عناصر پنجاب میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، سی ٹی ڈی کو مضبوط بنایا گیا ہے، صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشن ہو رہے ہیں، اور چند ماہ میں پنجاب کے سب شہر سیف سٹی ہوں گے۔وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ نے وزیراعلیٰ کے عام آدمی کی بھلائی کے اقدامات کو سراہا، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا، اور رکن پنجاب اسمبلی ارشد وڑائچ مرحوم اور ایم پی اے فیصل کے والد مرحوم کے لیے دعا ئے مغفرت کی گئی۔