بھارت کراچی پورٹ ناکام، لاہور و ملتان کی خیالی تباہی کا جھوٹا پروپیگنڈا شروع کیا:عطا تارڑ

بھارت کراچی پورٹ ناکام، لاہور و ملتان کی خیالی تباہی کا جھوٹا پروپیگنڈا شروع کیا:عطا تارڑ

اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ دشمن کو جب لگا کہ کراچی پورٹ کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا تو اس نے لاہور اور ملتان کی خیالی پورٹس کو تباہ کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈا شروع کیا۔

سی پی این ای کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان نے بھارت کے خلاف حالیہ جنگ کامیابی سے لڑی۔ دنیا بھر میں پاکستان کے حوالے سے شکوک و شبہات تھے، لیکن قومی اتحاد اور افواج پاکستان کی قربانی نے سب کو حیران کیا۔عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ بیانیے کی جنگ میں دشمن کے وسائل اور بین الاقوامی لابنگ کے باوجود سچ کی طاقت نے پاکستانی موقف کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات نے جدید ڈیجیٹل وار روم قائم کیا اور آئی ایس پی آر کے ساتھ مسلسل رابطے سے بیانیہ کی جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا گیا۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ دشمن کا جھوٹا میڈیا پروپیگنڈا کرتا رہا، لیکن پاکستانی میڈیا نے ریاست کے موقف کو بھرپور انداز میں عالمی سطح پر پیش کیا۔ افواج پاکستان، وزارت اطلاعات اور میڈیا کی مشترکہ حکمت عملی نے دشمن کو ناکام بنایا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی قوم نے رات کے اندھیرے میں ہونے والے حملے کا بھرپور جواب دیا اور سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی۔ یوٹیوب چینلز کی بندش کے بعد بھارت میں پاکستانی اشتہارات کی حکمت عملی نے دشمن کو مزید مشکل میں ڈال دیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے دروازے سی پی این ای کے لیے 24 گھنٹے کھلے ہیں تاکہ ملکی دفاع اور قومی بیانیے کو مضبوط بنایا جا سکے۔