ایپل کی جانب سے اگلے سال متوقع آئی فون 18 سیریز کے بارے میں لیکس اور افواہیں تیزی سے سامنے آ رہی ہیں
۔ اگرچہ اس سیریز میں ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی شمولیت کی بھی توقع ہے، تاہم ٹیکنالوجی کے شوقین صارفین کی توجہ خاص طور پر آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس پر مرکوز ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایپل ان دونوں ماڈلز میں ڈیزائن، کارکردگی، کیمرا، بیٹری اور کنیکٹیویٹی کے شعبوں میں نمایاں اپ گریڈ متعارف کرانے جا رہا ہے۔
نیا ڈیزائن اور چھوٹا ڈائنامک آئی لینڈ
آئی فون 18 پرو سیریز کا مجموعی ڈیزائن بظاہر موجودہ آئی فونز جیسا ہی ہوگا، تاہم چند اہم تبدیلیاں اسے نمایاں طور پر نیا روپ دیں گی۔ لیکس کے مطابق ایپل فیس آئی ڈی کے کچھ سینسرز اسکرین کے نیچے منتقل کر دے گا، جس کے باعث ڈائنامک آئی لینڈ مزید چھوٹا ہو جائے گا۔ یہ گزشتہ چند برسوں میں سب سے کم اسکرین کٹ آؤٹ ہوگا، جس سے صارفین کو زیادہ اسکرین اسپیس ملے گی۔اسی طرح فون کے پچھلے حصے میں ایلومینیم اور گلاس کو یکساں رنگ میں ڈیزائن کرنے پر کام جاری ہے، تاکہ بیک پینل زیادہ ہم آہنگ اور پریمیم محسوس ہو۔ رنگوں کے حوالے سے کافی براؤن، پرپل اور برگنڈی جیسے نئے اور منفرد شیڈز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
A20 پرو چِپ: کارکردگی میں بڑی جست
آئی فون 18 پرو سیریز میں ایپل کی نئی A20 پرو چِپ شامل کیے جانے کی توقع ہے، جو پہلی بار 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر تیار کی جائے گی۔ یہ چِپ جدید WMCM پیکیجنگ کے ساتھ آئے گی، جس سے فون کی مجموعی رفتار، توانائی کی بچت اور مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق فیچرز میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ایپل کی اب تک کی سب سے طاقتور موبائل چِپ ہو سکتی ہے۔
ویری ایبل اپرچر کیمرا
کیمرا اپ گریڈ ہمیشہ آئی فون کی پہچان رہا ہے۔ آئی فون 18 پرو میں پہلی بار ویری ایبل اپرچر والا مین کیمرا متعارف ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین تصاویر میں ڈیپتھ آف فیلڈ پر زیادہ کنٹرول حاصل کر سکیں گے، یعنی پس منظر کو زیادہ دھندلا یا مکمل طور پر فوکس میں رکھنا آسان ہو جائے گا۔ یہ فیچر خاص طور پر فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے بڑی پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔
اب تک کی بہترین بیٹری لائف
لیکس کے مطابق ایپل آئی فون 18 پرو سیریز میں بیٹری سائز بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ خاص طور پر آئی فون 18 پرو میکس قدرے موٹا اور بھاری ہو سکتا ہے، جس کی بنیادی وجہ بڑی بیٹری ہوگی۔ اس کے نتیجے میں فون کی بیٹری لائف میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ ساتھ ہی چھوٹے آئی فون 18 پرو میں بھی بیٹری کی کارکردگی بہتر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
کیمرا کنٹرول 2.0
کیمرا کنٹرول بٹن جو پہلی بار آئی فون 16 میں متعارف کرایا گیا تھا، آئی فون 18 سیریز میں مزید سادہ اور صارف دوست بنایا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق ٹچ سینسِٹو جیسچرز ختم کر کے کنٹرول کو زیادہ آسان اور عملی بنایا جائے گا تاکہ کیمرا استعمال کرنا ہر صارف کے لیے سہل ہو۔
C2 موڈیم: بہتر 5G اور بیٹری سیونگ
ایپل اپنے ان ہاؤس 5G موڈمز پر مسلسل کام کر رہا ہے۔ آئی فون 18 پرو اور پرو میکس میں نیا C2 موڈیم شامل کیے جانے کا امکان ہے، جو نہ صرف تیز اور مستحکم 5G کنیکٹیویٹی فراہم کرے گا بلکہ بیٹری کے استعمال کو بھی بہتر بنائے گا۔