جسٹن ٹروڈو کی استعفے کی تقریر دوران صفحات ہوا میں اُڑ گئے

جسٹن ٹروڈو کی استعفے کی تقریر دوران صفحات ہوا میں اُڑ گئے

کینیڈا کے وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو کی گزشتہ روز کی جانے والی تقریر نے کچھ غیر متوقع صورتحال اختیار کرلی، جب اس کی تقریر کے صفحات ہوا میں اُڑ گئے۔

 یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹروڈو اپنے استعفے کے اعلان کے موقع پر میڈیا کے سامنے اپنی اہم تقریر کر رہے تھے۔ جیسے ہی وہ پوڈیم پر آئے، تو ان کے تقریر کے صفحات ہوا کے زور سے اُڑ گئے، جس پر وزیرِاعظم نے مسکرا کر اس پر ردعمل دیا اور پھر اپنی تقریر جاری رکھی۔یہ منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس پر عوام کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے گئے۔ بعض افراد نے اس کو ایک مزاحیہ واقعہ قرار دیا، جب کہ کچھ نے اس پر سیاست سے جڑی باتوں کا بھی تذکرہ کیا۔یاد رہے کہ جسٹن ٹروڈو نے گزشتہ روز کہا تھا کہ وہ کینیڈا کی حکمراں جماعت، لبرل پارٹی کی جانب سے نیا سربراہ منتخب ہونے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔

 اس دوران وہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ ان کا متبادل منتخب ہو، تاہم جب تک ان کا متبادل نہیں آ جاتا، وہ وزیرِاعظم اور پارٹی کے سربراہ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔جسٹن ٹروڈو نے 2015 میں کینیڈا کی وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالا تھا اور اس کے بعد سے وہ مسلسل 2 انتخابات جیت چکے ہیں۔ ان کی قیادت میں کینیڈا نے اہم داخلی اور عالمی پالیسیوں میں کئی تبدیلیاں کی ہیں، جنہوں نے انہیں عالمی سطح پر ایک معروف سیاسی شخصیت بنایا ہے۔