کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کی شادی کی افواہیں، نئی رپورٹس میں بڑے دعوے سامنے آگئے

کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کی شادی کی افواہیں، نئی رپورٹس میں بڑے دعوے سامنے آگئے

امریکی گلوکارہ کیٹی پیری اور کینیڈا کے سابق وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی ممکنہ شادی سے متعلق نئی رپورٹس سامنے آئی ہیں، جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دونوں مبینہ طور پر اپنی شادی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

غیر ملکی ویب سائٹ ریڈار آن لائن کی رپورٹ کے مطابق دونوں چاہتے ہیں کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم ان کی شادی کی تقریب کی صدارت کریں۔رپورٹ میں ایک نامعلوم ذریعے کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ گیون نیوسم دونوں کی پہلی پسند ہیں۔ ذرائع کے مطابق گورنر نیوسم، جسٹن ٹروڈو کو اپنا ہم خیال اور کیٹی پیری کو ایک بااثر عوامی شخصیت سمجھتے ہیں، اسی لیے وہ ان کی شادی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو اس وقت زیادہ تر وقت جنوبی کیلیفورنیا میں کیٹی پیری کی رہائش گاہ پر ایک ساتھ گزار رہے ہیں اور شادی کے بعد بھی وہیں رہائش اختیار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ذرائع کے مطابق اگر مستقبل میں گیون نیوسم امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لیتے ہیں تو انہیں کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کی حمایت بھی حاصل ہو سکتی ہے، جس سے سیاسی اور عوامی سطح پر انہیں فائدہ پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ جسٹن ٹروڈو نے 2005 میں سوفی گریگوار سے شادی کی تھی، تاہم 2023 میں دونوں نے علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔ ان کے تین بچے ہیں۔دوسری جانب کیٹی پیری کی شادی رسل برانڈ سے 2010 میں ہوئی تھی جو 2012 میں ختم ہو گئی۔ بعد ازاں وہ اداکار اورلینڈو بلوم کے ساتھ تعلق میں رہیں، جن سے ان کی ایک بیٹی ڈیزی بھی ہے۔تاہم یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ کیٹی پیری، جسٹن ٹروڈو، گیون نیوسم یا ان کے نمائندوں کی جانب سے ان مبینہ شادی کی منصوبہ بندی سے متعلق کسی بھی دعوے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔ اس لیے فی الحال یہ اطلاعات غیر مصدقہ میڈیا رپورٹس اور گمنام ذرائع پر مبنی ہیں۔