چیئرمین واپڈا کا مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ، تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

منصوبے کی پیداواری صلاحیت 800 میگاواٹ ہے، تکمیل پر 1.29 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا
مہمند ڈیم پراجیکٹ کی شیڈول کے مطابق تکمیل کو یقینی بنایا جائے:  چیئرمین واپڈا کی پراجیکٹ انتظامیہ کو ہدایت

اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے زیرتعمیر مہمند ڈیم پراجیکٹ کی اہم سائٹس پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے منصوبے کا دورہ کیا۔ مہمند ڈیم ایک کثیرالمقاصد منصوبہ ہے جو خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔دورے کے موقع پر چیئرمین واپڈا کو مختلف سائٹس پر تعمیراتی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ان سائٹس میں ڈائی ورشن ٹنلز آوٹ لیٹ ورکس، ڈاؤن سٹریم کوفر ڈیم، مین ڈیم، کنکریٹ ورکس، پاور ان ٹیک، ڈائی ورشن ٹنلز ان ٹیک سٹرکچر، سپل وے شامل ہیں۔مہمند ڈیم کی تکمیل پر1.29 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا جس سے مہمند اور چارسدہ اضلاع کی ایک لاکھ 60 ہزار موجودہ اراضی کے علاوہ 18 ہزار 237 ایکڑ نئی اراضی زیرکاشت آئے گی۔ منصوبے کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 800 میگاواٹ ہے جس سے نیشنل گرڈ کو دو ارب 86 کروڑ یونٹ بجلی فراہم ہوگی۔ مہمند ڈیم کی بدولت پشاور شہر کو یومیہ 300 ملین گیلن پانی فراہم کیا جائے گا۔ مہمند ڈیم پراجیکٹ کے سالانہ فوائد 51 ارب 60 کروڑ روپے کے مساوی ہیں۔