اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد کی مسجد و امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انتونیو گوتریس نے شہریوں اور عبادت گاہوں پر حملے کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کی شناخت کر کے انصاف کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔سیکریٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے اقوام متحدہ کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور انتہا پسندی کے خاتمے کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز جمعہ کے روز اسلام آباد کی مسجد و امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے میں 32 نمازی شہید اور 162 زخمی ہوئے، جن میں سے 29 کی حالت نازک ہے۔ 32 میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔انتہائی مذمت کے ساتھ ساتھ امریکا، سعودی عرب، ایران، روس، چین، ترکیہ اور افغانستان سمیت دیگر ممالک نے بھی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ شہریوں اور عبادت گاہوں پر دہشت گردی ناقابل قبول ہے، اور امریکا پاکستان کی امن کے لیے جاری کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔