ویب ڈیسک: اقوام متحدہ اور ایران نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے اپنے بیان میں کہا کہ شہریوں کے خلاف حملے ناقابل قبول ہیں اور اس طرح کے واقعات انسانیت کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اس حملے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور معصوم مسافروں کو یرغمال بنانے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ امید ہے کہ مسافروں کی جلد رہائی ممکن بنائی جائے گی۔دوسری طرف ایران نے بھی پاکستان میں اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دہشت گرد کارروائی کی سخت مخالفت کرتا ہے۔
ایرانی حکومت نے شہریوں کو نشانہ بنانے کو ایک خوفناک عمل قرار دیا اور کہا کہ وہ معصوم شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایرانی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا کہ حملے میں بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت معصوم شہریوں کو یرغمال بنایا گیا اور اس قسم کے پرتشدد اقدامات اور اہم مواصلاتی نظام کو متاثر کرنے کی کوشش انسانیت کے خلاف ایک بزدلانہ جرم ہے۔یاد رہے کہ جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے میں دہشت گردوں نے مسافروں کو یرغمال بنایا تھا اور سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مسافروں کو بازیاب کرایا۔