نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بلوچستان کے خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
سلامتی کونسل کے جاری کردہ اعلامیے میں اس حملے کو "بزدلانہ اور سنگدل" قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں 6 افراد شہید اور 53 زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔اعلامیے میں پاکستان کے عوام، حکومت اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش ظاہر کی گئی ہے۔ سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ دہشت گردی عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے اور اس میں ملوث تمام عناصر، سہولت کار، منصوبہ ساز اور مالی مدد فراہم کرنے والوں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
کونسل نے تمام ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت پاکستان کو مکمل تعاون فراہم کریں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ دہشت گردی کا کوئی بھی عمل قابل قبول یا جواز نہیں رکھتا اور عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔