اسلام آباد: امام بارگاہ خودکش دھماکے کے 15 شہداء کی نماز جنازہ ادا

اسلام آباد: امام بارگاہ خودکش دھماکے کے 15 شہداء کی نماز جنازہ ادا

اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں امام بارگاہ و مسجد جامعہ خدیجۃ الکبریٰ پر جمعہ کے روز ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے 15 افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

13 شہداء کی نماز جنازہ جی نائن امام بارگاہ میں ادا کی گئی، جس میں وفاقی وزراء طارق فضل چودھری، سردار محمد یوسف، راجہ خرم نواز، آئی جی اسلام آباد سمیت بڑی تعداد میں شہریوں اور تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام نے شرکت کی۔ نماز جنازہ سیکرٹری جنرل نفاذ فقہ جعفریہ اور امام جامعہ مسجد خدیجۃ الکبری علامہ بشارت نے پڑھائی۔ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو تدفین کے لیے روانہ کر دیا گیا۔دو دیگر شہداء کی نماز جنازہ امام بارگاہ جامع صادق میں ادا کی گئی، جس میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے بھی شرکت کی۔ نماز جنازہ آغا شیخ محمد شفا نجفی نے پڑھائی، اور اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے میں 32 افراد شہید اور 162 زخمی ہوئے تھے، جن میں سے 29 افراد کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔