اسلام آباد؛ امام بارگاہ کے گیٹ پر خودکش دھماکا، 15 افراد جاں بحق، 80 سے زائد زخمی

اسلام آباد؛ امام بارگاہ کے گیٹ پر خودکش دھماکا، 15 افراد جاں بحق، 80 سے زائد زخمی

اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ کے گیٹ پر ایک خودکش دھماکے کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 15 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہو گئے، جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔

 دھماکے سے امام بارگاہ سے ملحقہ گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے، اور حملہ آور کی لاش ابھی بھی امام بارگاہ میں موجود ہے۔پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔پولی کلینک، پمز اور سی ڈی اے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔زخمیوں کو فوری طور پر پمز اور پولی کلینک منتقل کیا گیا، جہاں مین ایمرجنسی، آرٹھوپیڈک، برن سینٹر اور نیورو ڈیپارٹمنٹ فعال ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق، زخمیوں کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کو مختلف اسپتالوں میں تعینات کیا گیا اور دھماکے کی جگہ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔
تحقیقات اور سیکیورٹی:

بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کی شناخت کے لیے تحقیقات کر رہا ہے۔رینجرز اور پاک فوج کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
حکومتی اور سیاسی ردعمل:

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری زخمیوں کی عیادت کے لیے پمز اسپتال پہنچے اور زخمیوں کے لیے خصوصی طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔سربراہ مجلس وحدت المسلمین علامہ راجا ناصر عباس نے دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ انسانی جانوں کے تحفظ میں سنگین ناکامی کی نشاندہی کرتا ہے۔