لاہور(کرائم رپورٹر) بسنت کے تہوار کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے خلاف پولیس نے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے دو ملزمان کو گرفتار کر لیاپولیس کے مطابق مزنگ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ سے شہریوں کی جان خطرے میں ڈالنے والے ملزم مبشر حسین کو ٹیمپل ایبروڈ کے علاقے سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ اس موقع پر ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا کہ بسنت پر ہوائی فائرنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔دوسری جانب بادامی باغ پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے پابندی کے باوجود بسنت کے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم عاصم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ بروقت کارروائی پر ایس پی سٹی نے ایس ایچ او احسن اقبال اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ بسنت کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ بسنت کی خوشیوں کو محفوظ بنانے کے لیے عوام الناس سے بھی بھرپور تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔