بسنت: ہوائی فائرنگ پر فوری کارروائی کا حکم

 منشیات کی روک تھام کے لیے سخت کریک ڈاؤن کا بھی حکم جاری 
لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نیو ایئر اور بسنت کے موقع پر سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ترجمان پولیس کے مطابق اجلاس میں ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات پر غور کیا گیاسی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ نیو ایئر اور بسنت کے موقع پر ہوائی فائرنگ پر فوری اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی، جبکہ بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون فوراً حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے ون ویلنگ کے ہاٹ اسپاٹس پر اضافی نفری تعینات کرنے اور کڑی نگرانی کا حکم بھی دیا۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا کہ بسنت کے موقع پر بغیر سیفٹی وائر موٹرسائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ شہریوں کی آگاہی کے لیے مساجد کے پلیٹ فارم کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے بسنت پر منشیات کی روک تھام کے لیے سخت کریک ڈاؤن کا بھی حکم دیاسی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی لاہور پولیس کی اہم ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں تمام افسران اپنی ڈیوٹیز ایمانداری اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں۔اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن) عمران کشور، ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) ذیشان رضا، ڈی آئی جی (آپریشنز) فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن) محمد نوید، ایس ایس پی (آپریشنز) توقیر محمد نعیم اور ڈویڑنل ایس پیز نے شرکت کی۔