8فروری کو یوم سیاہ کے طور منائیں گے: حافظ نعیم الرحمن

وزیراعظم  مہنگائی میں کمی کے دعوے کس کو بیوقوف بنانے کیلئے کر رہے ہیں، کسان کارڈ دراصل قرضہ کارڈ ہے
اسٹیبلشمنٹ نااہل لوگوں کو قوم پر مسلط کرنے کے رویہ پر نظرثانی کرے: امیر جماعت اسلامی کی پریس کانفرنس
لاہور (خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے  آٹھ فروری ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن، یوم سیاہ کے طور منائیں گے،  ملک گیر احتجاج ہوگا، کراچی میں الیکشن کمیشن کے سامنے بڑا مظاہرہ کریں گے، آٹھ فروری کے بعد آئی پی پیز مافیا کو لگام دینے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے بڑا احتجاج ہوگا۔ وزیراعظم نجانے مہنگائی میں کمی کے دعوے کس کو بے وقوف بنانے کے لیے کر رہے ہیں۔ پنجاب میں کسان کارڈ دراصل قرضہ کارڈ ہے۔ وزیراعظم، ان کے بھائی، بھتیجی، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی فارم سنتالیس کی پیداوار ہیں، دھاندلی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بن جائے تو 80 فیصد پارلیمنٹ فارغ ہوجائے گی، حیرانی ہے پی ٹی آئی فارم پنتالیس کے موقف سے دستبردار ہوگئی، ری الیکشن کا مطالبہ حکومت کو تسلیم کرنے اور دھاندلی کو تقویت دینے کے مترادف ہے، اسٹیبلشمنٹ نااہل لوگوں کو قوم پر مسلط کرنے کے رویہ پر نظرثانی کرے، ادارے آئین کے مطابق کام کریں، جماعت اسلامی پارٹی پالیٹیکس سے بالاتر کر عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کی بات کرتی ہے، حق کی آواز بلند کرتے رہیں گے