پاکستانی قوم بدلے کی منتظر ہے، ہمیں صرف شہادتوں کا بدلہ چاہیے، فیس سیونگ نہیں:امیر جماعت اسلامی
لاہور (خصوصی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے آج ملک بھر میں یوم عزم منایا جائے گا جس میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور بھارت کی جارحیت کے خلاف بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھارت کے حملے میں 30 سے زائد پاکستانی شہید ہوئے جن کی شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائی قابل تحسین ہے، تاہم موجودہ حالات میں مزید ٹھوس اور واضح اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کر کے جو اشتعال انگیزی کی، اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے تاکہ دشمن کی نسلیں یاد رکھیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائے اور ملکی یکجہتی کو یقینی بنائے۔حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستانی قوم بدلے کی منتظر ہے، ہمیں صرف شہادتوں کا بدلہ چاہیے، فیس سیونگ نہیں۔ پہلگام واقعے کو جواز بنا کر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، افواج پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، قوم حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور اختلافات کو بالائے طاق رکھ چکی ہے